ٹرمپ کی ایران کے خلاف ایک اور آپریشن کی دھمکی، کیوبا سے بھی نمٹنے کا اعلان، پاک بھارت جنگ رکوانے کا پھر دعویٰ

فلوریڈا(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ایک اور آپریشن کیے جانے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایران کے معاملے کے بعد کیوبا سے بھی نمٹا جائے گا۔

فلوریڈا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو بھیجا جائے گا۔ ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے معاملے پر امریکی دباؤ اور ممکنہ کارروائی کا آپشن بدستور زیرِ غور ہے۔

امریکی صدر نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوانے کا دعویٰ دہراتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں اور ان کے درمیان جنگ انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران 11 طیارے گرائے گئے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں یہ شکوہ بھی کیا کہ وہ آٹھ جنگیں رکوانے میں کردار ادا کر چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود انہیں نوبیل امن انعام نہیں دیا گیا۔

ٹرمپ کے خطاب میں ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی، کیوبا سے متعلق آئندہ امریکی حکمتِ عملی اور پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے سے متعلق ان کے سابقہ دعوے نمایاں رہے۔

مزید خبریں

Back to top button