تھرپارکر:سریندرولاسائی کا منشیات کے عادی افراد کے علاج کیلئے بحالی مرکز قائم کرنے کا مطالبہ، وزیراعلیٰ سندھ کو خط

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سریندر ولاسائی نے ضلع تھرپارکر میں منشیات کے عادی افراد کے علاج اور بحالی کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ مرکز قائم کرنے کی درخواست کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو خط لکھ دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو لکھے گئے خط میں سریندر ولاسائی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ تھرپارکر میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث نوجوانوں، خاندانوں اور معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، جبکہ ضلع میں علاج اور بحالی کی مناسب سہولیات موجود نہ ہونے کے باعث متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خصوصاً وہ خاندان زیادہ متاثر ہوتے ہیں جو بڑے شہروں میں جا کر علاج کرانے کی مالی استطاعت نہیں رکھتے۔خط میں کہا گیا ہے کہ منشیات کی لت صحتِ عامہ اور سماجی حوالے سے ایک سنگین مسئلہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے منشیات کی روک تھام، طبی علاج، نفسیاتی مشاورت اور بحالی کی جامع سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔ سریندر ولاسائی نے وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کی ہے کہ متعلقہ محکموں کو تھرپارکر میں منشیات کے عادی افراد کے لیے مکمل سہولیات سے آراستہ بحالی مرکز قائم کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔ اس مرکز میں مفت یا کم خرچ علاج، نفسیاتی مشاورت، جسم سے منشیات کے اثرات ختم کرنے کے لیے طبی سہولیات، خاندانوں کی معاونت اور فنی تربیت کا انتظام کیا جائے، تاکہ صحت یاب ہونے والے افراد دوبارہ معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بحالی مرکز کے قیام سے مشکلات کا شکار خاندانوں کو سہارا ملے گا اور نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔ سریندر ولاسائی نے وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ اس اہم معاملے پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button