گھوٹکی:رونتی میں اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد،شہریوں کیلئے طبی کیمپ اور تفریحی اسٹالز قائم

گھوٹکی (رپورٹ:وجے کمارچاولا) ضلع انتطامیہ و  محکمہ کھیل کی جانب سے رونتی کے کچے میں پہلے شہید محترمہ بینظیر بھٹو 3 روزہ اسپورٹس فیسٹیول کی رنگارنگ افتتاحی تقریب منعقد کی گئیں۔ چیئرمین ضلع کونسل گھوٹکی بنگل خان مہر، کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد، سیکٹر کمانڈر رینجرز سکھر بریگیڈیئر نوید عباس، ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب پٹھان، ایس ایس پی محمد انور کھیتران، ونگ کمانڈر رینجرز فرحان علی، وائس چیئرمین ضلع کونسل میر بابر خان لنڈ، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر نثار احمد چانڈیو اور پی پی رہنما شہریار خان شر سمیت مختلف محکموں کے افسران، صنعتی اداروں کے نمائندگان اور علاقے کے مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کھیلوں کے اس تاریخی میلے میں مختلف علاقوں کے کھلاڑیوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، علاقے کے مکینوں کی سہولت کے لیے محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کی جانب سے میڈیکل کیمپ بھی قائم کیے گئے جبکہ بچوں کی تفریح کے لیے جھولے اور مختلف اشیا کے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کاؤنسل بنگل خان مہر نے کہا کہ پہلی بار کچے میں آئے ہیں، یہ ایک خوشیوں بھرا میلہ ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرام ہوتے رہیں گے۔ کچے میں امن و امان کے قیام میں پولیس کی قربانیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پہلے کوئی نہیں آتا تھا، اب ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ اسپورٹس کی کوششوں سے لوگوں کا میلہ لگا ہوا ہے۔ بنگل خان مہر نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رونتی کے مکینوں کو ضلع کونسل کی جانب سے 50 سولر پلیٹیں اور 50 سولر لائٹس فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچے جیسے علاقے میں ایسا بہترین پروگرام منعقد کرنا ضلعی انتظامیہ اور محکمہ کھیل کا ایک بہترین قدم ہے جس سے علاقے کے مکینوں کو تفریحی ماحول ملا ہے۔ انہوں نے میلے میں قائم کردہ میڈیکل کیمپوں اور مختلف اسٹالز کا جائزہ بھی لیا۔ ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی پالیسی کے تحت کچے والے علاقے میں امن و امان کے قیام کے بعد مختلف پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کچے کے گاؤں دوست محمد شر اور اللہ بخش گھنہیو میں 2 پرائمری اسکول بھی قائم کیے گئے ہیں اور اسی طرح کھیلوں کا میلہ بھی منعقد کیا گیا ہے تاکہ یہاں کے لوگوں اور بچوں کو بھی سہولیات مل سکیں۔ ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچے میں امن قائم ہونے سے لوگوں کی معاشی حالت بھی بہتر ہوگی، جب امن نہیں ہوتا تو زندگی کا کاروبار متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کے مکینوں کے بھرپور تعاون سے ہی امن قائم ہو سکا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button