ہیری بروک نے عادل راشد کو ڈراپ کرنے کے فیصلے پر خاموشی توڑ دی

لندن (جانو ڈاٹ پی کے)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے سری لنکا کے خلاف ہائی اسکورنگ ون ڈے میچ میں تجربہ کار لیگ اسپنر عادل راشد کو پلیئنگ الیون سے باہر رکھنے کے فیصلے کا دفاع کیا ہے۔
ہیری بروک کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ نے عادل راشد کی جگہ ڈاسن کو موقع دیا اور ان کے خیال میں ڈاسن انگلینڈ کے بولرز میں شاید سب سے بہتر رہے۔ انہوں نے میچ کے بیشتر حصے میں گیند کو اسٹمپس کے نشانے پر رکھا اور اپنی لائن و لینتھ برقرار رکھی۔
38 سالہ عادل راشد ایک دہائی سے زائد عرصے سے انگلینڈ کی وائٹ بال کرکٹ میں پہلی ترجیح کے اسپنر رہے ہیں۔ جون 2015 سے اب تک انگلینڈ کے 186 ون ڈے میچز میں سے وہ 159 مقابلوں میں ٹیم کا حصہ بن چکے ہیں۔عادل راشد ماضی میں انجری کے باعث بعض میچز سے باہر رہے، جن میں گزشتہ ستمبر میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے مقابلے بھی شامل ہیں۔ تاہم، فٹ ہونے اور اسکواڈ میں موجود ہونے کے باوجود انہیں پلیئنگ الیون سے باہر رکھنا شاذونادر ہی دیکھنے میں آیا ہے۔ اس سے قبل انہیں آخری مرتبہ 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فوراً بعد آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ٹیم سے باہر بٹھایا گیا تھا۔



