پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی فائنل میں دھماکے دارانٹری،جاپان کو پیچھے چھوڑدیا

جوہر بہرو(جانو ڈاٹ پی کے)سلطان آف جوہر کپ 2026 میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے جاپان کے خلاف آخری پول میچ 2-2 سے برابر کھیلنے کے بعد بہتر گول اوسط کی بنیاد پر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان اور جاپان کے درمیان مقابلہ ابتدا ہی سے سنسنی خیز رہا۔ کھیل کے 18ویں منٹ میں جاپان کے یاماڈا سیا نے فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی۔ پاکستان نے 34ویں منٹ میں حمزہ فیاض کے پینلٹی کارنر پر کیے گئے گول کی بدولت مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔

42ویں منٹ میں جاپان کے ناکائی کازوکی نے فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کو دوبارہ 1-2 سے آگے کردیا، تاہم پاکستان نے ہمت نہ ہاری اور صرف ایک منٹ بعد غلام مصطفیٰ نے جوابی گول داغ کر اسکور 2-2 کردیا۔

میچ برابر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے چار، چار میچوں میں 7، 7 پوائنٹس تھے، جبکہ گول فرق بھی یکساں طور پر پلس 8 رہا۔ تاہم پاکستان نے پورے ٹورنامنٹ میں 18 گول اسکور کیے، جبکہ جاپان کی ٹیم 16 گول کرسکی۔ زیادہ گول کرنے کی بنیاد پر پاکستان نے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنالی۔

مزید خبریں

Back to top button