صدر آصف زرداری کی جرمن صدر سے اہم ملاقات، پاکستان اور جرمنی کا دوطرفہ تعاون اور شراکت داری بڑھانے پر اتفاق

برلن(جانو ڈاٹ پی کے)صدر مملکت آصف علی زرداری کے دورۂ جرمنی کے دوران جرمن صدر فرینک والٹر شٹائن مائر سے ون آن ون ملاقات ہوئی، جس کے بعد دونوں ممالک کے وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔ ملاقات میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا۔صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان جرمنی کو ایک اہم یورپی شراکت دار کی حیثیت سے بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے سائنس و ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔مذاکرات میں معیشت، تجارت، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، موسمیاتی تبدیلی، ہنرمندی کے فروغ اور عوامی روابط کے معاملات بھی زیرِ بحث آئے۔ صدر زرداری نے جرمن ہم منصب کو دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی۔صدر آصف زرداری نے امریکا اور ایران کے تنازع میں پاکستان کے مخلصانہ ثالثی کردار کو تسلیم کرنے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے مذاکرات کا حامی ہے۔جرمن صدر نے پاکستان اور جرمنی کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر صدر زرداری کے دورے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے تعلیمی اشتراک اور تجارتی تعاون میں اضافے کی امید ظاہر کی اور علاقائی و عالمی تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا۔ ملاقات میں افغانستان سے متعلق چیلنجز پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button