پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک، اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاری شروع

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی کے علاقے گودھرا کالونی میں ماڈل اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو ووٹ دیا، لیکن ان کے بقول جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چوری کرکے قبضہ میئر مسلط کردیا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کراچی میں میئر نے اختیارات روک رکھے ہیں، جبکہ جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین دستیاب اختیارات سے بڑھ کر ترقیاتی کام کر رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی طویل عرصے سے عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف بھی تحریک جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈھائی کروڑ افراد موٹر سائیکل استعمال کرتے ہیں، پیٹرول کی قیمت کم ہونے سے عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، لیکن ان کے بقول گندم کے شعبے کو تباہ کرکے بحران پیدا کیا جاتا ہے اور پھر گندم درآمد کرکے منافع کمایا جاتا ہے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے گیس لوڈشیڈنگ پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے باعث گھریلو خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت آئی پی پیز کے معاملے کو کیوں نظر انداز کر رہی ہے، جبکہ ملک کی معاشی صورتحال سب کے سامنے ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ ان کی جماعت لانگ مارچ کی تیاری کر رہی ہے اور اسلام آباد جائے گی۔ انہوں نے کراچی میں آٹے کی قیمتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں 10 کلو آٹا 2 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ ان کا مزید الزام تھا کہ صوبائی حکومت کی سرپرستی میں زمینوں پر قبضے کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button