مہنگائی کا نیا وار، ایک ہفتے میں شرح 0.65 فیصد بڑھ گئی، سالانہ مہنگائی 11.85فیصد تک پہنچ گئی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)ملک میں مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے، ادارہ شماریات کی تازہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 12 اشیا سستی ہوئیں جبکہ 20 کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر ایل پی جی کی قیمت میں 22.44 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مرغی کا گوشت 12.20 فیصد مہنگا ہوگیا۔ پیاز کی قیمت میں 4.19 فیصد، شرٹنگ کپڑے میں 1.86 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی میں 1.66 فیصد اضافہ ہوا۔ آٹا بھی ایک ہفتے کے دوران ایک فیصد مہنگا ہوگیا، جبکہ لہسن، جلانے کی لکڑی اور گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب ٹماٹر کی قیمت میں 21.99 فیصد نمایاں کمی ہوئی، جبکہ پٹرول 3.63 فیصد اور ڈیزل 1.68 فیصد سستا ہوا۔ کیلے کی قیمت میں 2.42 فیصد، آلو میں 1.38 فیصد اور دال چنا میں 0.93 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ انڈوں اور پاؤڈر دودھ کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ایل پی جی کی قیمت میں 107.12 فیصد اضافہ ہوچکا ہے، جبکہ پیاز 72.81 فیصد اور بجلی کے نرخ 58.59 فیصد بڑھ گئے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران پٹرول 44.17 فیصد اور ڈیزل 41.56 فیصد مہنگا ہوا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں سالانہ 38.99 فیصد، آٹے میں 36.49 فیصد، مٹن میں 14.66 فیصد اور بیف میں 12.10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سادہ ڈبل روٹی 10.82 فیصد جبکہ تیار چائے 8.36 فیصد مہنگی ہوئی۔

تاہم سالانہ بنیادوں پر ٹماٹر کی قیمت میں 71.72 فیصد، آلو میں 40.75 فیصد اور چینی میں 25 فیصد کمی ہوئی، جبکہ انڈے بھی گزشتہ ایک سال کے دوران 22.14 فیصد سستے ہوئے۔

مزید خبریں

Back to top button