دہشتگردی کیخلاف سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی نہ ہونے والی سیاسی جماعت مائنس ہوجائے گی، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو سیاسی جماعت خلوصِ نیت کے ساتھ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی نہیں ہوگی، وہ سیاسی منظرنامے سے مائنس ہوجائے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ گورنر خیبرپختونخوا نے 160 ارب روپے فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جسے وزیراعظم نے فوری طور پر منظور کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ختم کیے بغیر عوام کی زندگیوں میں بہتری نہیں لائی جاسکتی۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے کے قومی ایجنڈے میں شامل نہ ہونے والی کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے سیاسی طور پر مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت 28ویں آئینی ترمیم پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی مسودہ سامنے آیا ہے۔ رانا ثنا اللہ نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا چاہیے۔



