وفاقی ملازمین کو غیر ملکی شہریت کا ڈیکلیریشن جمع کرانے کیلئے 90 روز کی مہلت

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی غیر ملکی شہریت سے متعلق تفصیلات جمع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملازمین کو 90 روز کے اندر ڈیکلیریشن جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔
حکومت کی جانب سے اس مقصد کیلئے باقاعدہ پرفارما بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو اپنے ماتحت افسران سے متعلق مطلوبہ معلومات جمع کرکے فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جاری کردہ پرفارما میں سرکاری ملازمین کی اپنی غیر ملکی شہریت کے علاوہ ان کے زیرِ کفالت افراد کی شہریت اور سفری دستاویزات کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
حکومتی ہدایات کے مطابق ملازمین کو یہ معلومات بھی فراہم کرنا ہوں گی کہ آیا انہوں نے کسی غیر ملکی شہری سے شادی کر رکھی ہے۔ اس اقدام کے تحت متعلقہ ملازمین اور ان کے زیرِ کفالت افراد سے متعلق معلومات مرتب کی جائیں گی۔



