بروقت انصاف کی فراہمی اولین ترجیح،زیرِ التوا مقدمات نمٹانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں،چیف جسٹس عالیہ نیلم

لودھراں (جانو ڈاٹ پی کے)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے کہا ہے کہ عدلیہ کا بنیادی مقصد عوام کو بلاامتیاز انصاف فراہم کرنا ہے، جبکہ نظامِ انصاف کی بہتری اور سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے لودھراں کا دورہ کیا، جہاں جسٹس محمد طارق ندیم، جسٹس علی ضیاء باجوہ اور رجسٹرار عبدالرحیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر صدر بار، جنرل سیکرٹری بار، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بینش فاطمہ بھی موجود تھیں۔دورے کے دوران ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے چیف جسٹس کو عدالتی امور، کارکردگی اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ جسٹس عالیہ نیلم نے لیڈیز بار روم، کامن روم اور میٹنگ روم سمیت ضلع میں مکمل ہونے والے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔اس موقع پر جسٹس عالیہ نیلم کا کہنا تھا کہ عدالتی امور کی انجام دہی اور مقدمات کی سماعت کیلئے بہتر ماحول کی فراہمی ضروری ہے۔ مقدمات کے بروقت فیصلوں اور زیرِ التوا کیسز کو نمٹانے کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ قانون کی بالادستی ایک قابلِ اعتماد نظامِ انصاف کی بنیاد ہے، جبکہ عدالتوں میں سہولیات بہتر بنانے سے عوام کیلئے انصاف تک رسائی آسان ہوتی ہے۔ سائلین کو غیر ضروری مشکلات سے بچانا بھی مؤثر انصاف کی فراہمی کا بنیادی تقاضا ہے۔دورے کے اختتام پر چیف جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس محمد طارق ندیم اور جسٹس علی ضیاء باجوہ نے ڈسٹرکٹ کورٹس میں پودے بھی لگائے۔



