گلوکار وقار علی کوپھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص،مرض چوتھے مرحلے میں داخل ہونے کا انکشاف

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان کے معروف گلوکار سجاد علی کے بھائی، گلوکار اور موسیقار وقار علی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پھیپھڑوں کا کینسر لاحق ہے اور بیماری چوتھے مرحلے میں ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی صحت سے متعلق اطلاع شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

انسٹاگرام پر جاری پیغام میں وقار علی نے کہا کہ یہ خبر ان کے اور ان کے خاندان کے لیے ایک مشکل مرحلے کا آغاز ہے، تاہم وہ ایمان، حوصلے اور امید کے ساتھ ہر دن گزارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

موسیقار کا کہنا تھا کہ اپنی بیماری کے بارے میں بتانا آسان نہیں تھا، لیکن انہیں محسوس ہوا کہ ان لوگوں کو حقیقت سے آگاہ کرنا ضروری ہے جو برسوں سے ان کے سفر کا حصہ رہے ہیں اور مسلسل محبت و حوصلہ افزائی کرتے آئے ہیں۔

وقار علی نے کہا کہ موسیقی ہمیشہ ان کے لیے لوگوں سے جڑنے کا ذریعہ رہی ہے، جبکہ مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے عاجزی کے ساتھ سب سے دعاؤں کی درخواست کی۔

اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ آنے والا وقت کیا لے کر آئے گا، تاہم انہیں دعاؤں کی طاقت، ایمان کے سہارے اور اس احساس پر یقین ہے کہ بہت سے لوگ ان کے لیے نیک تمنائیں رکھتے ہیں۔

وقار علی کی جانب سے بیماری کی تشخیص کا اعلان سامنے آنے کے بعد مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار شروع کر دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button