خاتون صحافی کو سوشل میڈیا پر ہراساں کرنے کا الزام،این سی سی آئی اے نے ٹک ٹاکر شہزیب سیالکوٹی کو گرفتار کرلیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے خاتون صحافی کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں ٹک ٹاکر محمد شہزیب عرف شہزیب سیالکوٹی کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ملزم کا تعلق سیالکوٹ سے ہے اور اس کے خلاف خاتون صحافی کے بارے میں فیس بک پر نازیبا، توہین آمیز اور تضحیک آمیز ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور کی اجازت سے سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی سیالکوٹ میں مخبر کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے دو موبائل فون برآمد کیے گئے۔ ابتدائی تکنیکی جانچ کے مطابق ملزم کے فیس بک، دو انسٹاگرام اور ٹک ٹاک اکاؤنٹس ان فونز پر فعال پائے گئے۔

ذرائع کے مطابق متنازع ویڈیو ایک آئی فون کے ڈاؤن لوڈز فولڈر میں بھی موجود تھی۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم کے فیس بک اور ٹک ٹاک اکاؤنٹس مونیٹائزڈ ہیں اور ایک نجی بینک اکاؤنٹ سے منسلک ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ملزم سوشل میڈیا پر روسٹنگ اور متنازع ویڈیوز اپ لوڈ کرکے مالی فوائد حاصل کرتا تھا۔

دورانِ تفتیش ملزم نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اس نے 10 ستمبر 2026 کو ویڈیو اپ لوڈ کی تھی، تاہم نازیبا زبان استعمال کرنے پر بعد میں اسے ڈیلیٹ کردیا۔ واقعے کی مزید قانونی تفصیلات اور تفتیش کے نتائج سامنے آنا باقی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button