خیبر پختونخوا میں امن و امان کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات تفویض

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر تمام ڈپٹی کمشنرز کو انسدادی اقدامات کے اختیارات تفویض کر دیے ہیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ویسٹ پاکستان مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) آرڈیننس 1960 کی دفعہ 3(1) کے تحت یہ اختیارات تفویض کیے گئے ہیں تاکہ ضلعی سطح پر بروقت اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد انتظامی تاخیر کم کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانا ہے، جس سے امن و امان سے متعلق معاملات میں ضلعی انتظامیہ فوری کارروائی کر سکے گی۔
گورنر خیبر پختونخوا نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اختیارات کا استعمال آئین اور قانون کے مطابق کریں اور کسی بھی صورت میں ان کا غلط استعمال نہ ہونے دیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے اور باہمی تعاون کے ذریعے اپنے فرائض انجام دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام، سلامتی اور عوام کا تحفظ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔



