ہیری کین کے بیلن ڈی اور جیتنے کی خبریں گردش کرنے لگیں، باضابطہ اعلان سے قبل سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں تیز

لندن (جانو ڈاٹ پی کے)انگلینڈ کے اسٹار اسٹرائیکر اور بائرن میونخ کے کھلاڑی ہیری کین کے حوالے سے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انہیں 2026 کے بیلن ڈی اور ایوارڈ کا فاتح قرار دیے جانے کی اطلاع مل چکی ہے، تاہم اس خبر کی تاحال باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔

سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے کپتان ہیری کین رواں ہفتے ممکنہ فاتح کے طور پر خصوصی فوٹو شوٹ بھی کروا سکتے ہیں۔ ایوارڈ کی تقریب سے چند روز قبل سامنے آنے والے ان دعوؤں نے فٹبال شائقین میں بحث اور قیاس آرائیوں کو مزید بڑھا دیا ہے۔

اگر یہ دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو ہیری کین 2001 میں مائیکل اوون کے بعد بیلن ڈی اور جیتنے والے پہلے انگلش فٹبالر بن سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بائرن میونخ کے لیے بھی طویل عرصے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے کھلاڑی ہوں گے۔

ہیری کین کے ساتھی کھلاڑی سرج گنابری بھی ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں ایوارڈ کا مضبوط امیدوار قرار دے چکے ہیں۔ کین نے بنڈس لیگا اور چیمپئنز لیگ میں اپنی گول اسکورنگ کے ذریعے نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔

دوسری جانب لامین یمال، کیلیان ایمباپے، روڈری، وینیسیئس جونیئر اور جوڈ بیلنگھم جیسے نام بھی ایوارڈ کی دوڑ کے حوالے سے زیرِ بحث ہیں۔

بیلن ڈی اور کے فاتح کا باضابطہ اعلان 26 اکتوبر کو لندن میں ہونے والی تقریب میں متوقع بتایا جا رہا ہے۔ اس وقت تک ہیری کین کی جیت سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات غیر مصدقہ ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button