لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج کا مشن جاری رکھنے پر غور

بیروت(ویب ڈیسک) لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کی عبوری امن فوج نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی جانب سے مشن کی مدت ختم ہونے کے بعد کے انتظامات پر غور کے باوجود امن و استحکام کے قیام کے لیے اس کی سرگرمیاں جاری ہیں۔
اقوام متحدہ کی عبوری فورس برائے لبنان (یونیفِل) نے واضح کیا ہے کہ مشن سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے، جن میں علاقے کی صورتِ حال کی نگرانی، خلاف ورزیوں کی رپورٹنگ، متعلقہ فریقین سے رابطہ برقرار رکھنا اور لبنانی فوج کی معاونت شامل ہے۔
یونیفِل کے مطابق امن فوج انسانی امدادی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے کا کام بھی جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور شہریوں کی معاونت کے لیے کوششیں جاری رہ سکیں۔
واضح رہے کہ سلامتی کونسل نے اگست 2025ء میں فیصلہ کیا تھا کہ لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری امن فوج کا مینڈیٹ 31 دسمبر 2026ء کو ختم کر دیا جائے گا۔ اس فیصلے کے تحت اس کے بعد ایک سال کے دوران فوج کا انخلا مرحلہ وار اور مربوط انداز میں مکمل کیا جائے گا۔



