ایرانی پاسداران انقلاب کی عسکری صلاحیتیں ڈیڑھ گنا بڑھ گئیں، اب حملہ ہوا تو سرپرائز دیں گے، ترجمان پاسداران انقلاب

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محیبی نے دعویٰ کیا ہے کہ فورس کی عسکری صلاحیتیں ماضی کے مقابلے میں کم از کم ڈیڑھ گنا بڑھ چکی ہیں، جبکہ جنگ میں شدت آنے کی صورت میں مخالفین کو حیران کرنے والے نئے ہتھیار اور صلاحیتیں بھی سامنے لائی جا سکتی ہیں۔

ترجمان سردار محیبی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی عسکری طاقت میں مقداری اور معیاری دونوں سطحوں پر اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میزائلوں، ڈرونز اور دیگر فوجی سازوسامان کی تیاری مسلسل جاری ہے اور اس پیداواری عمل کو مزید وسعت بھی دی گئی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی ہتھیاروں کی مار کرنے کی حد، اہداف کو درست نشانہ بنانے کی صلاحیت اور تباہ کن قوت میں بہتری لائی گئی ہے، جبکہ جدید ہتھیاروں کی تیاری کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔

سردار محیبی نے خبردار کیا کہ اگر جنگ میں مزید شدت آئی تو پاسدارانِ انقلاب ایسی عسکری صلاحیتیں اور ہتھیار سامنے لا سکتی ہے جن کی مخالفین کو توقع نہیں ہوگی۔

ایرانی ترجمان کے بیان میں میزائلوں، ڈرونز اور جدید فوجی ٹیکنالوجی کی تیاری میں پیش رفت پر زور دیا گیا ہے، تاہم عسکری صلاحیتوں میں ڈیڑھ گنا اضافے اور نئے ہتھیاروں سے متعلق دعوؤں کی آزادانہ تصدیق فراہم نہیں کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button