13 سال کا گند تین دنوں میں صاف نہیں ہوسکتا، وقت لگے گا، فیصل کریم کنڈی

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں تجاوزات کے خاتمے اور صفائی ستھرائی بہتر بنانے کے لیے پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی اور کسی کی سفارش قبول نہیں کی جائے گی۔

پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو صاف ستھرا بنانا ان کا عزم ہے، تاہم 13 سال کا گند صرف تین دن میں صاف نہیں ہوسکتا، اس عمل میں وقت لگے گا۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پشاور میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ وہ اپنی غیر قانونی تجاوزات خود ختم کر دیں، بصورت دیگر حکومت کارروائی کرے گی۔ ان کے مطابق تجاوزات کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کو صاف ستھرا بنانے کے لیے صفائی مہم شروع کردی گئی ہے، جس کا مقصد شہریوں کو بہتر اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔

دوسری جانب صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد انتظامیہ اور متعلقہ ادارے صفائی ستھرائی اور عوامی سہولتوں کی بہتری کے لیے متحرک ہوگئے ہیں۔

صوبائی انتظامیہ کے مطابق پشاور کے مختلف علاقوں میں کوڑا کرکٹ مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے اور صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بازاروں، تجارتی مراکز، اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات کو صاف رکھنے کے لیے عملہ دن رات کام کر رہا ہے، جبکہ صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button