اسلام آباد کچہری دھماکے کے متاثرین کو معاوضہ دینے کی پالیسی جلد بنانے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضلع کچہری خودکش دھماکے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے لیے پالیسی جلد مرتب کرنے اور معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کرنے کے اقدامات کی ہدایت کردی۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران وزارت داخلہ کے سیکشن افسر نے عدالت کو بتایا کہ متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کا معاملہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی پالیسی مرتب نہیں کی گئی۔

وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق معاوضے کی ادائیگی سے متعلق پالیسی وزیراعظم کے ذریعے تیار کی جائے گی اور منظوری کے لیے وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔

سماعت کے دوران جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ معاوضے کی ادائیگی کا معاملہ وفاقی حکومت تک پہنچ گیا ہے، چلیں کچھ تو پیش رفت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے سے سب کو فائدہ ہوگا اور متاثرین کے لیے معاوضے کا پیکیج تیار ہو سکے گا۔

عدالت نے ہدایت کی کہ معاملہ سیکرٹری کابینہ کو بھجوایا جائے تاکہ اسے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔ عدالت نے وزارت داخلہ کی سیکشن افسر کو بھی ہدایت کی کہ وہ معاملے کی مؤثر پیروی کریں اور سیکرٹری کابینہ سے رابطے میں رہیں۔

درخواست گزاروں کی جانب سے وکلا تصدق حنیف، بلال مغل اور چوہدری نجم الحسن عدالت میں پیش ہوئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 12 نومبر تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں

Back to top button