مالدیپ کی وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچ گئیں

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) مالدیپ کی وزیر خارجہ اریتھشام آدم کابینہ ارکان اور اعلیٰ حکام کے ہمراہ صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے دورۂ پاکستان سے قبل اسلام آباد پہنچ گئیں۔ صدر مالدیپ بھی آج سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر مالدیپ کی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا استقبال دفتر خارجہ کے ترجمان، ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا و سارک، پاکستان میں مالدیپ کے ہائی کمشنر اور مالدیپ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نے کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر ڈاکٹر محمد معیزو دورے کے دوران صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے، جبکہ صدرِ پاکستان ان کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام بھی کریں گے۔

مالدیپ کے صدر وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں ون آن ون اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور مالدیپ کے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

دونوں ممالک کی قیادت تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کرے گی۔ دورے کے دوران دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں سے متعلق متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

صدر محمد معیزو کے دورے کو پاکستان اور مالدیپ کے درمیان سفارتی روابط کے فروغ اور باہمی تعاون کو وسعت دینے کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button