سعودی عرب اور امارات کا حوثی حملوں کے بعد مشترکہ سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے حوثی باغیوں کے حملوں کے تناظر میں خلیجی ممالک کے درمیان قریبی رابطوں، مشترکہ تعاون اور علاقائی سلامتی کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں سعودی عرب کی شہری تنصیبات پر حوثی حملوں کی مذمت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے اور تنازعات کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے مشترکہ سفارتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ گفتگو میں خلیجی ممالک کے درمیان رابطوں اور تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے خارجہ نے بھی سعودی عرب پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مملکت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔ وزرائے خارجہ نے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت تعاون کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

دوسری جانب سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے درمیان بھی رابطہ ہوا، جس میں علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے باہمی تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ سفارتی سرگرمیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب حوثی حملوں میں سعودی ہوائی اڈوں، توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور شہری علاقوں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد خطے میں سکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر علاقائی ممالک کی جانب سے سفارتی رابطوں میں تیزی اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ خلیجی ممالک کشیدگی پر قابو پانے، مشترکہ دفاعی تعاون مضبوط بنانے اور خطے میں مزید عدم استحکام کو روکنے کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button