ٹائیگر شروف پر فائرنگ کا معاملہ، تینوں مرکزی ملزمان گرفتار، لارنس بشنوئی گینگ سے مبینہ روابط کا انکشاف

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث تینوں مرکزی ملزمان کو بھارتی شہر کوٹا سے گرفتار کرلیا گیا ہے، جنہیں مزید تفتیش کے لیے ممبئی پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق کوٹا کی سپرنٹنڈنٹ پولیس تیجسوانی گوتم نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں ہریانہ سے تعلق رکھنے والا ریحان عرف سکّا، بہار کا رہائشی ہریتک کُرمی عرف روشن اور ایک کم عمر ملزم شامل ہے۔

پولیس کے مطابق پیر کی صبح اطلاع ملی کہ تینوں ملزمان ٹرین کے ذریعے کوٹا پہنچنے والے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم نے تقریباً 15 منٹ میں کارروائی کرتے ہوئے ٹرین کو گھیرے میں لیا اور تلاشی کے بعد ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ تینوں پونے سے جے پور جانے والی ایکسپریس ٹرین کی عام بوگی میں سفر کر رہے تھے۔

ابتدائی تفتیش کے حوالے سے پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان کے روابط گینگسٹر انیل پنڈت سے ہیں، جس کے مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ سے بھی تعلقات ہیں۔ پولیس کے مطابق انیل پنڈت اور ریحان کے درمیان رابطے کا بھی پتا چلا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے تاحال اسلحہ برآمد نہیں ہوا، تاہم حکام ان سے پوچھ گچھ کے ذریعے اس بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا مبینہ منصوبہ پہلے دہلی پہنچنے اور پھر نیپال فرار ہونے کا تھا۔واقعہ اتوار کی شام تقریباً 7 بجے ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آیا، جب ٹائیگر شروف ایک فٹ بال کلب سے باہر نکل رہے تھے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے اداکار کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ ٹائیگر شروف براہ راست گولی لگنے سے محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور کو چوٹیں آئیں۔واقعے کے بعد مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے ٹائیگر شروف کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔ ان کے مطابق اداکار کے بائیں ہاتھ پر بارود اور شیشے کے ٹکڑوں سے زخم آئے تھے۔

مزید خبریں

Back to top button