کراچی میں عالمی اسکواش ستاروں کا اجتماع، 82 ہزار ڈالرز کی چیمپئن شپ شروع

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) کراچی میں عالمی اسکواش چیمپئن شپ کا آغاز، 82 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم داؤ پر لگ گئی
کریک کلب، ڈیفنس اتھارٹی کراچی میں وینس اے بی سی اوپن اسکواش چیمپئن شپ بدھ سے شروع ہو رہی ہے، جس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ 25 اکتوبر تک جاری رہنے والے پانچ روزہ ایونٹ میں مردوں اور خواتین کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔
انٹرنیشنل کیلنڈر میں شامل اس چیمپئن شپ کی مجموعی انعامی رقم 82 ہزار ڈالرز ہے، جس میں مردوں اور خواتین کے ایونٹس کے لیے 41، 41 ہزار ڈالرز مختص کیے گئے ہیں۔ چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔
مینز ایونٹ میں انگلینڈ کے عالمی نمبر 25 کرس ملک ٹاپ سیڈ ہیں، جبکہ مصر کے عالمی نمبر 48 مصطفیٰ السرتے کو دوسری سیڈ حاصل ہے۔ ویمنز ایونٹ میں انگلینڈ کی عالمی نمبر 27 لوسی ٹرمل ٹاپ سیڈ اور مصر کی عالمی نمبر 46 امینہ الریحانے دوسری سیڈ قرار پائی ہیں۔
پہلے راؤنڈ میں ٹاپ آٹھ سیڈڈ کھلاڑیوں کو بائی ملنے کے باعث وہ براہ راست پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائیں گے۔
پاکستان کی جانب سے مینز ایونٹ میں عاصم خان، عبداللہ نواز، ناصر اقبال اور اذان علی خان حصہ لیں گے۔ ویمنز ایونٹ میں پاکستان کی ثنا بہادر براہ راست انٹری حاصل کرنے والی واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں۔ پشاور سے تعلق رکھنے والی ثنا سماعت اور قوتِ گویائی سے محروم ہیں۔ رشنا محبوب اور انعم عزیز وائلڈ کارڈ انٹری کے ذریعے مقابلوں میں شرکت کریں گی۔



