71ممالک کی جیلوں میں21ہزار647پاکستانی قید،قومی اسمبلی میں وزارت خارجہ کی رپورٹ پیش

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزارت خارجہ کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کی گئی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ دنیا کے 71 ممالک کی جیلوں میں مجموعی طور پر 21 ہزار 647 پاکستانی مختلف جرائم کے الزامات یا سزاؤں کے تحت قید ہیں، جن میں سے 8 ہزار 569 پاکستانیوں کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں جبکہ 13 ہزار سے زائد قیدیوں کے مقدمات غیر ملکی عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بیرون ملک قید پاکستانیوں کے خلاف منشیات، کرنسی اور انسانی اسمگلنگ، جعل سازی سمیت مختلف جرائم کے مقدمات ہیں۔

وزارت خارجہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں سب سے زیادہ 10 ہزار 745 پاکستانی قید ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات کی جیلوں میں 5 ہزار 297 پاکستانی موجود ہیں۔ قطر میں 599، عمان میں 578، امریکا میں 141، برطانیہ میں 23 اور ترکیہ میں 190 پاکستانی قید ہیں۔

دیگر ممالک میں بھارت کی جیلوں میں 738، چین میں 625، یونان میں 516، ملائیشیا میں 444، اٹلی میں 353، بحرین میں 218 اور ایران میں 169 پاکستانی قید ہیں۔ اس کے علاوہ کرغزستان اور افغانستان میں 91، عراق میں 81، تھائی لینڈ میں 35 جبکہ آسٹریلیا میں 27 پاکستانی قیدی موجود ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button