پاکستانی اساتذہ کے لیے مصنوعی ذہانت کی جدید سہولت، 4 ہزار مفت سبسکرپشنز دینے کا اعلان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزارتِ تعلیم اور گوتھ اے آئی کے درمیان مصنوعی ذہانت کے ذریعے تعلیمی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت پاکستانی اساتذہ کو 4 ہزار مفت پریمیم سبسکرپشنز فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب میں خصوصی شرکت کی اور اس اقدام کو پاکستان میں جدید تعلیم کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور جدید ٹیکنالوجی سے مستفید کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ طلبہ کی تعلیم اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ نوجوان مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو خوراک، رہائش، مفت یونیفارم اور جدید تعلیمی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ دانش اسکول معیاری تعلیم کے فروغ اور ملک میں تعلیمی انقلاب لانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، اس لیے ان اسکولوں کی تعمیر میں معیار پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ جدید تدریسی طریقوں کے ذریعے تعلیمی شعبے میں بہتری کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔ گوتھ اے آئی کی جانب سے پاکستان کے لیے 4 ہزار مفت پریمیم سبسکرپشنز کی فراہمی قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ گوتھ اے آئی کے ساتھ یہ شراکت داری پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گی اور اس اقدام سے طلبہ، اساتذہ اور نوجوان نسل کے لیے سیکھنے، مہارتیں بہتر بنانے اور آگے بڑھنے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔



