وہاڑی میں صنفی تشدد کے متاثرین کیلئے پہلا مخصوص کمرہ قائم،چیف جسٹس عالیہ نیلم نے افتتاح کردیا

وہاڑی (جانو ڈاٹ پی کے)پنجاب میں عدالتی نظام کی بڑی پیش رفت، وہاڑی میں صنفی تشدد کے متاثرین کے لیے پہلا مخصوص کمرہ قائم، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے افتتاح کردیا

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے وہاڑی میں پنجاب کے پہلے جینڈر بیسڈ وائلنس کے متاثرین کے لیے مخصوص کمرے کا افتتاح کر دیا۔ اس سہولت کا مقصد تشدد سے متاثرہ افراد کو ایسا محفوظ اور پُرسکون ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی شکایات اور مسائل بلاخوف بیان کر سکیں۔

نئے کمرے میں متاثرین کی رازداری اور تحفظ کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے، تاکہ وہ اپنی بات اعتماد کے ساتھ متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں۔ اس اقدام کو عدالتی نظام میں متاثرین کی ضروریات کو مدنظر رکھنے اور انصاف تک رسائی بہتر بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پاکپتن، عارف والا، وہاڑی، میلسی اور بورے والا کے دوروں کے دوران مختلف ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔ ان منصوبوں میں ای لائبریریاں، خواتین وکلا کے لیے لیڈی بار رومز، ڈے کیئر سینٹرز، سائلین کے لیے جدید ویٹنگ ایریاز اور سہولت مراکز شامل ہیں۔

عدالتی امور کی بلاتعطل انجام دہی کے لیے ان شہروں کی عدالتوں اور بار رومز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ سولر انرجی کے استعمال سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹیں کم کرنے اور وکلا، عدالتی عملے اور سائلین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

پاکپتن اور وہاڑی میں ای لائبریریوں کے قیام سے وکلا کو قانونی تحقیق اور عدالتی فیصلوں تک رسائی میں آسانی ہوگی، جبکہ خواتین وکلا کے لیے مخصوص بار رومز اور ڈے کیئر سینٹرز پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں معاون ثابت ہوں گے۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم کی آمد پر متعلقہ اضلاع کی وکلا تنظیموں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سیشن ججز اور جوڈیشل افسران بھی موجود تھے۔ وکلا نمائندوں نے عدالتی سہولیات میں بہتری، خواتین وکلا کی فلاح و بہبود اور سائلین کے لیے جدید سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کو سراہا۔

مزید خبریں

Back to top button