اسکیٹ بورڈ پر 151.8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار، ڈیاگو نے تاریخ رقم کردی

کیوبیک، کینیڈا (جانو ڈاٹ پی کے)سپین سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ اسکیٹ بورڈر ڈیاگو پونسلیٹ نے کینیڈا میں ڈھلوان پر کھڑے ہو کر اسکیٹ بورڈ چلانے کی رفتار 94.34 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 151.8 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچا کر گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

گینیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ڈیاگو نے یہ کارنامہ کینیڈا کے صوبے کیوبیک کے علاقے شارلووا میں روٹ دے ایبولمان کی ایک بند سڑک پر انجام دیا۔ انہوں نے اسی مقام کا انتخاب کیا جہاں اس سے قبل بھی اس نوعیت کا عالمی ریکارڈ قائم کیا جا چکا تھا۔

ریکارڈ بنانے کی پہلی کوشش میں ڈیاگو نے 91.27 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 146.9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی تھی، جو سابقہ ریکارڈ توڑنے کے لیے کافی تھی۔ تاہم وہ اس کامیابی پر مطمئن نہیں ہوئے اور موسم کی بہتر صورتحال کے انتظار میں مزید پانچ دن گزارے۔

بالآخر 22 ستمبر کو انہوں نے دوبارہ کوشش کی اور رفتار کو 94.34 میل فی گھنٹہ تک پہنچا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

ڈیاگو پونسلیٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ابتدا میں اپنے اصل ہدف، یعنی 93 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنے کے ارادے کو کھل کر بیان نہیں کیا تھا، کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ شاید وہ اس حد تک نہ پہنچ سکیں۔ ان کے مطابق پہلی کوشش میں ریکارڈ توڑنے کے باوجود وہ پوری طرح مطمئن نہیں تھے، لیکن جب انہوں نے 93 میل فی گھنٹہ کی رفتار کا ہدف عبور کیا تو ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔

مزید خبریں

Back to top button