او آئی سی وزرائے خارجہ کا52واں اجلاس شروع،عراقی وزیراعظم کشیدگی کم کرنے میں پاکستانی کردار کے معترف

بغداد (جانو ڈاٹ پی کے)عراق کے دارالحکومت بغداد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا 52واں اجلاس شروع ہوگیا، جس کا افتتاح عراقی وزیراعظم علی فالح الزیدی نے کیا۔ اجلاس میں علاقائی امن و سلامتی، بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مسلم ممالک کو درپیش چیلنجز پر تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عراقی وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا کو اس وقت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے مسلم ممالک کو مشترکہ کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔

علی فالح الزیدی نے کہا کہ فلسطینی عوام کو انصاف دلانا اور ان کے حقوق یقینی بنانا علاقائی امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔ اجلاس میں رکن ممالک کے نمائندے موجودہ بحرانوں، علاقائی تنازعات کے حل اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی رابطوں کو آگے بڑھانے کے امکانات پر غور کریں گے۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ حکام کے مطابق وہ ملک میں مصروفیات اور بعض اہم امور کے باعث بغداد نہیں جا سکیں گے۔ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی جدہ میں او آئی سی کے لیے پاکستان کے مستقل نمائندے فواد شیر کریں گے۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بغداد پہنچ چکے ہیں، جبکہ ترکیہ، مصر اور دیگر مسلم ممالک کے حکام بھی اجلاس میں شریک ہیں۔

اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ شرکا مسلم ممالک کے درمیان تعاون مضبوط بنانے، تنازعات کے حل اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے امن و استحکام کے فروغ پر تبادلۂ خیال کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button