سعودی ساحل کے قریب دو ٹینکروں پر حملے، بحری سلامتی سے متعلق تشویش بڑھ گئی

الجبیل (جانو ڈاٹ پی کے) سعودی عرب کے ساحل کے قریب دو بحری ٹینکروں پر حملے، ایک کو آر پی جی سے نشانہ بنایا گیا۔سعودی عرب کے ساحل کے قریب الجبیل کے شمال مشرق میں دو الگ الگ بحری ٹینکروں پر حملے کیے گئے ہیں، جن میں ایک ٹینکر کو نامعلوم پراجیکٹائل جبکہ دوسرے کو چھوٹی کشتی سے فائر کیے گئے راکٹ پروپیلڈ گرینیڈ (آر پی جی) سے نشانہ بنایا گیا۔

یوکے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) کے مطابق پہلا واقعہ الجبیل سے تقریباً 68 ناٹیکل میل، یعنی 126 کلومیٹر شمال مشرق میں پیش آیا، جہاں ایک ٹینکر کو نامعلوم پراجیکٹائل کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کے بعد ٹینکر کے تمام عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ سمندر میں آلودگی یا ماحولیاتی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

دوسرا واقعہ الجبیل سے تقریباً 78 ناٹیکل میل، یعنی 144 کلومیٹر شمال مشرق میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق ایک چھوٹی کشتی سے فائر کیے گئے آر پی جی نے ٹینکر کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جہاز کے رہائشی حصے کو نقصان پہنچا۔

حکام کے مطابق دوسرے واقعے میں بھی عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے۔ دونوں حملوں کے بعد واقعات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، تاہم حملوں کے ذمہ داروں اور ان کے محرکات کے بارے میں فوری طور پر کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آئیں۔

مزید خبریں

Back to top button