گھوٹکی کے قریب ایم فائیو موٹروے پر خوفناک حادثہ، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق، 5 زخمی

گھوٹکی (رپورٹ: وجے کمار چاولہ\جانوڈاٹ پی کے) ایم فائیو موٹروے پر وسطی قطب شاہ ریسٹ ایریا کے قریب مزدا گاڑی کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت صفیہ زوجہ محمد قاسم، عبدالرؤف ولد حاجی احمد کھوکھر اور عاشق حسین کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق پنجاب سے بتایا جا رہا ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں عبدالغنی، آصف، سرور بی بی، نسرین بی بی اور مائی خورشید شامل ہیں۔
ریسکیو اور متعلقہ حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر تعلقہ اسپتال گھوٹکی منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار افراد کا تعلق رحیم یار خان کے علاقے خان بیلا سے تھا اور وہ کراچی سے ایک میت لے کر واپس رحیم یار خان جا رہے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ مزدا ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث گاڑی موٹروے پر کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ ایم فائیو موٹروے پر وسطی قطب شاہ ریسٹ ایریا کے مقام، لوکیشن نمبر 464 کے قریب پیش آیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی موٹروے غلام قادر سندھو اور ڈی ایس پی اقبال جاوید بٹ اسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور حادثے سے متعلق تفصیلات معلوم کیں۔



