ٹنڈوباگو تلہار روڈ پر تصادم، لاٹھیوں اور کلہاڑیوں کے وار سے 8 افراد زخمی، اسپتال منتقل

ٹنڈوباگو(محمد سلیم میمن:جانو ڈاٹ پی کے) ٹنڈوباگو تلہار روڈ پر عارو دل بس اسٹاپ کے قریب پان سگریٹ کے کھوکھے سے سامان خریدنے کے دوران رقم کی لین دین پر جھگڑا ہوگیا، جس کے نتیجے میں لاٹھیوں اور کلہاڑیوں کے وار سے 8 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ تفصیلات کے مطابق عارو دل بس اسٹاپ پر پان سگریٹ کے کھوکھے سے سامان لینے کے دوران رقم کی ادائیگی کے معاملے پر فریقین کے درمیان تلخ کلامی تصادم میں تبدیل ہوگئی، جس کے دوران مبینہ طور پر لاٹھیوں اور کلہاڑیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ واقعے میں فدا دل، اعجاز دل، صدیق دل، دوست محمد دل، فیض دل اور میر خان سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر تعلقہ اسپتال ٹنڈوباگو منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔



