یوکرین کو سال کے اختتام تک مزید ایف 16 طیارے ملنے کی توقع، زیلنسکی کا موسمِ سرما میں بھی دفاع جاری رکھنے کا اعلان

کیف (جانو ڈاٹ پی کے)یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرین کو رواں سال کے اختتام تک مزید ایف 16 لڑاکا طیارے مل جائیں گے، جبکہ ملک موسمِ سرما کے دوران بھی روسی حملوں کے خلاف اپنا دفاع جاری رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یورپی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر زیلنسکی نے کہا کہ یورپی اتحادیوں کے پاس پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کے لیے میزائلوں کی خاطر خواہ تعداد موجود ہے، جو یوکرین کے فضائی دفاع میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اسٹارلنک کی خدمات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے زیلنسکی نے واضح کیا کہ اس کے متبادل کے بارے میں فی الحال کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔ ان کے مطابق، یوکرین روسی سرزمین پر حملوں کے لیے اسٹارلنک استعمال نہیں کرتا، تاہم روسی ڈرونز کو روکنے کے لیے اس سروس پر انحصار کیا جاتا ہے۔
یوکرینی صدر نے مزید کہا کہ اسٹارلنک کی رفتار پر عائد پابندیاں شہریوں کی سلامتی کے لیے خطرات پیدا کر رہی ہیں اور اس کی خدمات تاحال مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ یوکرین موسمِ سرما میں بھی روسی حملوں کا مقابلہ جاری رکھے گا۔



