فائر سیفٹی انتظامات نامکمل قرار، اسلام آباد کے تمام ہفتہ وار بازار بند، تاجروں اور شہریوں کو بڑا دھچکا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)اسلام آباد میں فائر سیفٹی انتظامات مکمل نہ ہونے پر کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ایچ 9، جی 6 سمیت تمام ہفتہ وار بازار بند کردیے۔ سی ڈی اے کے نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ حفاظتی ضوابط پر عمل درآمد اور فائر سیفٹی کلیئرنس حاصل ہونے تک بازار بند رہیں گے۔

بازاروں کی اچانک بندش پر تاجروں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی جیب سے کروڑوں روپے خرچ کرکے حفاظتی انتظامات مکمل کیے، اس کے باوجود کاروبار بند کرا دیا گیا۔ تاجر رہنما آصف ملک کے مطابق دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت سیکیورٹی گارڈز تعینات کیے اور دیگر ضروری اقدامات بھی کیے تھے۔

آصف ملک کا کہنا تھا کہ وہ رات کو بازار پہنچے تو وہاں بندش کا نوٹس لگا ہوا تھا۔ ان کے مطابق سی ڈی اے نے حفاظتی انتظامات پر کوئی رقم خرچ نہیں کی، جبکہ اچانک کاروبار بند ہونے سے تاجروں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ ان کی دکانوں کی آمدن سے گھریلو اخراجات پورے ہوتے ہیں اور وہ ایک دن بھی کاروبار بند رکھنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ دوسری جانب ہفتہ وار بازاروں سے کم قیمت پر اشیائے ضروریہ خریدنے والے شہری بھی پریشان ہیں، کیونکہ بازار بند رہنے کی صورت میں انہیں متبادل مقامات سے مہنگے داموں خریداری کرنا پڑ سکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button