گورنرراج میں حصہ اورگورنر شپ نہ ملنے پرسیاسی جماعت کا سربراہ ناراض،اسٹیبلشمنٹ کے سہارے سیاست کرنے والے آج دوسروں پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں،محسن نقوی
سابق فاٹا کے وسائل پر اب تشویش کیوں؟ محسن نقوی کا سیاسی رہنماؤں سے سوال

لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ یہ سیاستدان اپنی سیاسی جماعت کے ہوائی ٹکٹ بھی اسٹیبلشمنٹ سے بنواتے تھے، ایسے لوگوں کو آج دوسروں پر انگلیاں اٹھانا زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، لیکن غیر شائستہ زبان اور الزام تراشی کے بجائے دلائل اور حقائق کی بنیاد پر بات ہونی چاہیے۔
وزیر داخلہ نے سابق فاٹا کے اضلاع کے وسائل کے معاملے پر بعض سیاسی رہنماؤں کی تشویش کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کئی سال تک سابق فاٹا کے اضلاع کو ان کا جائز حصہ نہیں مل رہا تھا تو یہ رہنما خاموش کیوں رہے؟ اس وقت انہیں وہاں کے عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کا خیال کیوں نہیں آیا؟
محسن نقوی نے زور دیا کہ سابق فاٹا کے عوام کے حقوق اور وسائل کا معاملہ سیاسی مفادات سے بالاتر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اس وقت سنگین سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے سیاسی رہنماؤں کو انتشار پھیلانے کے بجائے امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق صوبے کو سیاسی محاذ آرائی نہیں بلکہ امن، استحکام اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے



