قومی اسمبلی میں انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے کی تحریک متفقہ منظور، تمام جماعتوں کو نمائندگی ملے گی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)قومی اسمبلی نے انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی تحریک متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔ کمیٹی میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان شامل ہوں گے، جبکہ تمام سیاسی جماعتوں کو متناسب نمائندگی دی جائے گی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت ہوا، جس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کی تحریک پیش کی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

تحریک کے مطابق پارلیمانی کمیٹی دونوں ایوانوں کے ارکان پر مشتمل ہوگی اور اس میں تمام سیاسی جماعتوں کو متناسب نمائندگی حاصل ہوگی۔ کمیٹی انتخابی اصلاحات کے حوالے سے اپنی تجاویز اور سفارشات مرتب کرے گی۔

اجلاس کے دوران وقفہ سوالات میں منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ اور اس کے خلاف کارروائیوں سے متعلق اعداد و شمار بھی ایوان میں پیش کیے گئے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین سال کے دوران اسلام آباد پولیس نے منشیات سے متعلق کارروائیوں میں 4 ہزار 277 ملزمان کو گرفتار کیا اور منشیات کے تقریباً 4 ہزار مقدمات درج کیے۔ایوان کو بتایا گیا کہ اس عرصے میں پولیس نے 19 من چرس، 25 من ہیروئن، 7 کلو افیون اور 9 من آئس برآمد کی، جبکہ 34 ہزار شراب کی بوتلیں بھی قبضے میں لی گئیں۔قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 5 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button