پاکستان سمیت متعدد مسلم ممالک کا مقبوضہ بیت المقدس میں کولمبیا کے سفارت خانے کے افتتاح پر سخت احتجاج، فیصلہ واپس لینے کامطالبہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان سمیت متعدد مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں کولمبیا کی جانب سے سفارت خانہ کھولنے کے فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے منافی قرار دیا ہے۔

مشترکہ بیان میں وزرائے خارجہ نے کہا کہ کولمبیا کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی اور دو ریاستی حل کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کا باعث ہے۔

بیان کے مطابق کوئی بھی ایسا اقدام یا فیصلہ جس کا مقصد مقبوضہ بیت المقدس کی قانونی یا تاریخی حیثیت تبدیل کرنا یا اسے اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنا ہو، غیر قانونی اور بے اثر ہے۔ وزرائے خارجہ نے اس مؤقف کی تائید میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں 476 اور 478 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ قراردادیں یروشلم کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتی ہیں اور شہر میں قائم سفارتی مشنز کے حوالے سے بھی واضح مؤقف رکھتی ہیں۔

مشترکہ بیان میں کولمبیا کی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے واپس لے اور بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کرے۔

وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو فلسطینی عوام کے جائز حقوق کو متاثر کریں، جن میں مشرقی بیت المقدس کو دارالحکومت بنانے کے ساتھ ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا حق بھی شامل ہے۔

بیان میں پاکستان، مصر، فلسطین، ترکیہ، جبوتی، لبنان، لیبیا، یمن، قطر، اردن، صومالیہ، ملائیشیا، سعودی عرب، الجزائر، عمان، شام اور سوڈان سمیت متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ کے مؤقف کا ذکر کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button