پشاور میں دہشتگردی کابڑا منصوبہ ناکام،11کلو وزنی پریشر ککربم ناکارہ بنادیاگیا

پولیس ترجمان کے مطابق مذکورہ مکان 5 سے 6 ماہ قبل ایک افغان خاندان کو کرائے پر دیا گیا تھا۔ تعمیری کام کے سلسلے میں مکان کھولا گیا تو وہاں مشکوک پریشر ککر موجود پایا گیا، جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
ایس پی سٹی پشاور شاہد عدنان اور ایس ایچ او یکہ توت ریاض آفریدی کی نگرانی میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ماہر ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی اور بم کو ناکارہ بنا دیا۔
واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے لیے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بروقت کارروائی پر پشاور پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ گنجان آباد علاقے میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا کر پولیس نے شہریوں کی قیمتی جانیں بچائیں۔
آئی جی پی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف آہنی دیوار بن کر کھڑی ہے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔



