ترکی میں80سالہ بارش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا،استنبول سیلاب میں ڈوب گیا،3افراد ہلاک،5لاپتہ

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کی صبح شروع ہونے والی موسلادھار بارش دن بھر جاری رہی۔ استنبول کے گورنر داؤد گل نے بتایا کہ 1942 میں بارشوں کا ریکارڈ مرتب کرنے کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد شہر میں یہ سب سے زیادہ بارش ہے۔
حکام کے مطابق شہر کے یورپی حصے میں واقع علاقے کاغتھانے میں ایک پارک کے قریب سے شخص کی لاش ملی، جبکہ بالات میں 14 سالہ لڑکا پانی میں قدم رکھنے کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ ایشیائی حصے کے علاقے بیوکوز میں ایک شخص کے کنویں میں گرنے سے ہلاکت کی اطلاع بھی سامنے آئی، تاہم حکام نے فوری طور پر اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
سیلاب کی شدت کا اندازہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز سے لگایا جا سکتا ہے، جن میں گاڑیوں کو تیز پانی میں بہتے اور لوگوں کو عمارتوں کی کھڑکیوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کرتے دیکھا گیا۔ نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شدید بارش کے پیش نظر استنبول میں اسکول پیر تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی۔ تہہ خانوں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو بھی محفوظ اور بلند مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا گیا۔
امدادی ٹیموں، فائر فائٹرز اور بلدیاتی اہلکاروں نے اسکولوں، کھیل کے میدانوں، گیراجوں اور دیگر مقامات سے پانی نکالنے اور کیچڑ صاف کرنے کا کام شروع کردیا۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے کے مطابق بدھ کی رات تک سیلاب کے 1,277 واقعات، لینڈ سلائیڈنگ کے 15 واقعات اور 47 افراد کے پھنسنے کی اطلاعات موصول ہوچکی تھیں۔ دو عمارتوں کی چھتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
خراب موسم نے فضائی سفر کو بھی متاثر کیا۔ ترکی کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق استنبول ایئرپورٹ آنے والی 43 پروازوں کا رخ دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑنا پڑا، جبکہ صبیحہ گوکچن ایئرپورٹ جانے والی تین پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔ تیز ہواؤں کے باعث صبیحہ گوکچن ایئرپورٹ پر کچھ وقت کے لیے پروازوں کی روانگی بھی معطل رہی۔
استنبول کے قریبی صوبے سکاریا کے علاقے سپانجا میں ندی کے کنارے واقع دو منزلہ مکان منہدم ہوگیا، تاہم حکام کے مطابق عمارت پہلے ہی خالی کرا لی گئی تھی، اس لیے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ صوبہ کوجائیلی کے علاقے گیبزے میں ندی کا پانی کناروں سے باہر نکل آیا اور ایک گاڑی سوار کو بہا لے گیا، جسے امدادی کارکنوں نے رسیوں کی مدد سے بچا لیا۔ اسی صوبے کے علاقے باشیسکلی میں ایک شخص سیلابی پانی میں بہہ جانے کے بعد لاپتا ہوگیا۔



