گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی تبدیلی کی خبریں بے بنیاد ہیں،طارق فضل چوہدری

پارلیمنٹ میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا نے صوبائی حکومت کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد فوری طور پر ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کیا۔ ان کے مطابق گورنر کی تبدیلی سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے اور خود اپوزیشن لیڈر سے بات چیت کے لیے بیٹھنے کا کہا ہے۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت بامقصد مذاکرات کے لیے تیار ہے اور اگر اپوزیشن سنجیدہ بات چیت کرنا چاہتی ہے تو اسے خوش آمدید کہا جائے گا۔واضح رہے کہ پانچ روز قبل وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایمرجنسی اور گورنر راج سے متعلق سمری پر دستخط کیے تھے۔دوسری جانب خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف دائر درخواستیں پشاور ہائی کورٹ نے 20 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔ صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو چیلنج کرنے والی درخواست چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے دائر کی ہے۔



