ایران اور وینزویلا تنازع میں امریکی خلائی جنگی نظام کے استعمال کا دعویٰ

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے)امریکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران اور وینزویلا سے متعلق تنازعات میں امریکی خلائی جنگی نظام استعمال کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ جدید نظام دنیا کے کسی بھی حصے میں تیزی سے تعینات کیا جا سکتا ہے اور سیٹلائٹس سمیت مواصلاتی نظام میں خلل ڈالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ نظام جدید جنگی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے، جہاں دشمن کے مواصلاتی رابطوں کو متاثر کرنا اور برقی مقناطیسی اسپیکٹرم پر برتری حاصل کرنا فوجی کارروائیوں کے نتائج پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ایران نے جنگ کے دوران اس امریکی نظام کو نشانہ بنانے کی کوشش بھی کی۔ تاہم رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ کوشش کس نوعیت کی تھی، نظام کو کوئی نقصان پہنچا یا نہیں، اور ایران یا وینزویلا میں اس کے استعمال سے متعلق مزید تفصیلات کیا ہیں۔جدید جنگوں میں برقی مقناطیسی اسپیکٹرم کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس شعبے میں برتری فوجی مواصلات، سیٹلائٹ نیٹ ورکس اور دیگر الیکٹرانک نظاموں کے مؤثر استعمال اور تحفظ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔



