پاکستان کے بجلی اور ریلوے منصوبوں کیلئے بڑی پیشرفت،اے آئی آئی بی رواں سال بجلی منصوبے کی منظوری کاہدف مقرر

ملاقات کے دوران اے آئی آئی بی نے رواں سال کے اختتام سے قبل بجلی کی ترسیل کے ایک منصوبے کی منظوری دینے کا ہدف مقرر کیا۔ اس پیش رفت کو پاکستان کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور بجلی کی ترسیل کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے مین لائن ون (ایم ایل ون) ریلوے منصوبے کے کراچی سے روہڑی سیکشن کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ مشترکہ مالی معاونت کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔ اس کے علاوہ منصوبے کے دیگر حصوں کے لیے متوازی فنانسنگ کے طریقۂ کار کا جائزہ لیا گیا، جس کا مقصد بڑے ریلوے منصوبے کے لیے مالی وسائل کی دستیابی کو بہتر بنانا ہے۔
ملاقات میں کثیر سالہ قرضہ جاتی پروگرام، ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عمل درآمد اور سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے نجی سرمایہ کاری بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ توانائی اور غذائی تحفظ سے متعلق دباؤ سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بجٹ معاونت اور موسمیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ پالیسی فنانسنگ کے امکانات بھی زیر غور آئے۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پانڈا بانڈ کے لیے ضمانت کی فراہمی میں اے آئی آئی بی کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان مالی معاونت کے ذرائع میں تنوع لانے، قرضوں کی مدت بڑھانے اور دوبارہ فنانسنگ سے وابستہ خطرات کم کرنے کی حکمت عملی پر کام کر رہا ہے۔وزیر خزانہ نے مستقبل میں کیپٹل مارکیٹ کے ذریعے مالی وسائل حاصل کرنے کے لیے اے آئی آئی بی کی معاونت پر آمادگی کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں یورو بانڈز کی ٹوکنائزیشن کے حوالے سے تکنیکی تعاون کے امکانات پر بھی بات ہوئی، جس کا مقصد مالیاتی منڈیوں کے ذریعے وسائل کے حصول کے نئے راستوں کا جائزہ لینا ہے۔



