پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور دفاع کے تحفظ کیلئے شانہ بشانہ کھڑا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مکہ امن معاہدہ خطے میں امن، اتحاد اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے، جبکہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، دفاع اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مکہ ڈیفنس الائنس کے پہلے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور تزویراتی تعاون کو مزید فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کا عزم غیرمتزلزل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مکہ امن معاہدہ خطے میں امن و استحکام اور اتحاد کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
ملاقات میں مکہ ڈیفنس الائنس کے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے وزیراعظم کو معاہدے کے طے شدہ فریم ورک کے تحت دفاعی اور تزویراتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اپنی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔



