بدین میں پ ٹ الف کا احتجاج، اساتذہ کے لیے سروس اسٹرکچر اور ترقیوں کا مطالبہ

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جا نو/ پی کے) پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن (پ ٹ الف) بدین کی جانب سے اساتذہ کے مطالبات منوانے کے لیے سید حسن شاہ، دھنی بخش نوتکانی اور شکیل احمد میمن کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر احتجاجی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کو سروس اسٹرکچر دیا جائے اور پرائمری اسکول ٹیچرز (PST) کو ہائی اسکول ٹیچرز (HST) کے عہدوں پر ترقی دینے کے لیے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (DPC) کا اجلاس بلایا جائے مظاہرے میں شریک اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ حب اور کلسٹر اسکولوں کا پروگرام ختم کرکے پرائمری اسکولوں کی اصل حیثیت بحال کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آر ٹی آر کے تحت دور دراز علاقوں میں تعینات کیے گئے اساتذہ کو ان کے گھروں کے قریب واقع اسکولوں میں مقرر کیا جائے احتجاجی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اساتذہ کے جائز مطالبات طویل عرصے سے نظرانداز کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث اساتذہ میں بے چینی اور تشویش پائی جاتی ہے۔ متعلقہ حکام کو چاہیے کہ اساتذہ کے تمام مطالبات فوری طور پر تسلیم کرکے انہیں درپیش مسائل حل کیے جائیں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔



