تھرپارکر کے مویشی پال افراد کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری، فیلڈ عملے میں 16 موٹر سائیکلیں تقسیم

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک سندھ ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ تھرپارکر کے لوگوں کی روزی روٹی کا انحصار مویشیوں پر ہے، اس لیے ان کے مال مویشیوں کی افزائش اور پیداوار میں اضافے کے لیے محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے متعدد منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد تھر کے لوگوں کو معاشی طور پر خودمختار بنا کر خوشحال بنانا ہے۔ وہ مٹھی میں محکمہ لائیو اسٹاک تھرپارکر کے ہیڈکوارٹر میں قائم ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک کے دفتر میں فیلڈ عملے میں موٹر سائیکلیں تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو نے کہا کہ تھرپارکر میں تقریباً 70 لاکھ سے زائد مویشی موجود ہیں، جنہیں محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے مفت حفاظتی ویکسین لگانے سمیت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ تقریب سے ڈائریکٹر اینیمل ہسبنڈری سندھ ڈاکٹر ارشد خانزادی، ڈیزیز انویسٹی گیشن آفیسر سندھ ڈاکٹر عبدالمنان کھوکھر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک و اینیمل ہسبنڈری تھرپارکر ڈاکٹر اجے کمار روپانی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں مویشی پال افراد کو جانوروں کے علاج اور صحت سے متعلق سہولیات ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے فیلڈ عملے کو جدید سہولیات اور ضروری وسائل فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکلیں فراہم کرنے سے فیلڈ عملے کو آمدورفت میں آسانی ہوگی اور دور دراز دیہات میں جانوروں کی بیماریوں کی بروقت تشخیص، علاج، حفاظتی ویکسینیشن، بیماریوں کے پھیلاؤ کی روک تھام اور مویشی پال افراد کو جانوروں کی صحت سے متعلق ضروری رہنمائی فراہم کرنے کے عمل میں بہتری آنے کی توقع ہے۔ تقریب کے دوران محکمہ لائیو اسٹاک کے فیلڈ عملے میں مجموعی طور پر 16 موٹر سائیکلیں تقسیم کی گئیں۔



