مریم نواز کا سوشل سکیورٹی موبائل ہیلتھ پروگرام کا افتتاح، 46 لاکھ سے زائد محنت کشوں کو گھر کی دہلیز پر علاج کی سہولت

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سوشل سکیورٹی موبائل ہیلتھ پروگرام کا افتتاح کر دیا، جس کے تحت لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں 46 لاکھ سے زائد صنعتی محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو کام کی جگہوں اور گھروں پر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پروگرام کو مارچ 2027 تک پنجاب کے مزید 12 اضلاع اور شہروں تک توسیع دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ آفس کے اعلامیے کے مطابق موبائل ہیلتھ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ محنت کشوں کو ان کی کام کی جگہوں پر جبکہ اہل خانہ کو گھر کی دہلیز پر علاج معالجے کی سہولیات میسر آئیں گی۔ اس اقدام کا مقصد محنت کش طبقے کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی آسان بنانا اور بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج کو یقینی بنانا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مارچ 2027 تک پروگرام کا دائرہ کار گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، ملتان، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، رحیم یار خان اور راولپنڈی تک بڑھایا جائے گا۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سوشل سکیورٹی موبائل ہسپتال، موبائل ڈینٹل ہسپتال اور موبائل ہیلتھ بائیکس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے موبائل بائیکس پر موجود ادویات اور طبی آلات کے بارے میں بریفنگ لی اور ایک طبی ڈیوائس کے ذریعے اپنا درجہ حرارت بھی چیک کیا۔

وزیر محنت منشأ اللہ بٹ اور سیکرٹری دانش افضال نے وزیراعلیٰ کو پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر مریم نواز شریف نے موبائل ہسپتالوں میں تعینات ڈاکٹروں اور طبی عملے سے بھی ملاقات کی۔

سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں ایک کروڑ سے زائد افراد کو سہولیات فراہم کرنے کا دعویٰ

وزیراعلیٰ پنجاب نے نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال کے آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) اور رحمتہ للعالمین کارڈیک سینٹر کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ کارڈیالوجی وارڈ میں ایک مریضہ کی تیمارداری کرنے والی بیٹی کی خدمات کو بھی سراہا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے 24 سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں ایک کروڑ سے زائد صنعتی محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو علاج اور ادویات کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن (پی ای ایس ایس آئی) کے تحت 250 میڈیکل آؤٹ لیٹس کے ذریعے بھی محنت کشوں کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ موبائل ہیلتھ پروگرام کے ذریعے پہلی مرتبہ محنت کشوں کو ان کی کام کی جگہوں پر اور ان کے اہل خانہ کو گھروں کے قریب طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ اس سے بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج میں مدد ملے گی، جبکہ ہسپتالوں میں مریضوں کا دباؤ بھی کم کرنے میں معاونت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ فیکٹریوں، تجارتی مراکز اور صنعتی یونٹس سمیت جہاں بھی محنت کش موجود ہوں گے، وہاں سوشل سکیورٹی کے موبائل ہیلتھ یونٹس طبی سہولیات فراہم کریں گے۔ پروگرام کا بنیادی مقصد رجسٹرڈ محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ تک معیاری علاج معالجے کی سہولیات پہنچانا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button