خیبر پختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع کے لیے گریڈ 20 کے افسر محمد یحییٰ اخونزادہ ایڈمنسٹریٹر تعینات

پشاور (جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد وفاقی حکومت نے صوبے کے 12 مخصوص اضلاع کے انتظامی امور کی نگرانی کے لیے گریڈ 20 کے افسر محمد یحییٰ اخونزادہ کو ایڈمنسٹریٹر تعینات کر دیا ہے۔

جاری اعلامیے کے مطابق محمد یحییٰ اخونزادہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے تحت ان 12 اضلاع کے انتظامی معاملات دیکھیں گے۔ ان کی خدمات سول سرونٹس ایکٹ 1973 کی دفعہ 10 کے تحت خیبر پختونخوا حکومت کے سپرد کی گئی ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ محمد یحییٰ اخونزادہ کی تعیناتی تاحکمِ ثانی مؤثر رہے گی۔ وہ اس سے قبل وزیراعظم آفس میں ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے پر تعینات تھے اور ان کا تعلق چارسدہ سے ہے۔

محمد یحییٰ اخونزادہ مختلف اہم انتظامی عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جن میں جنوبی اور شمالی وزیرستان میں ایڈیشنل پولیٹیکل ایجنٹ، خیبر پختونخوا میں سیکریٹری صحت، اطلاعات اور تعلیم، جبکہ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کے عہدے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کی منظوری اور صدرِ مملکت کے دستخط کے بعد خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس کے بعد صوبے کے مخصوص اضلاع کے انتظامی امور کے لیے نئی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button