پنجاب ای بائیکس سکیم میں نوجوانوں کی بھرپور دلچسپی، 13 لاکھ سے زائد رجسٹریشن، ایک لاکھ بائیکس قرعہ اندازی سے ملیں گی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سی ایم ای بائیکس سکیم میں نوجوانوں کی بھرپور دلچسپی سامنے آئی ہے۔ حکومتی اعلامیے کے مطابق سکیم کے تحت اب تک 13 لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹریشن کروا چکے ہیں، جبکہ 6 لاکھ 7 ہزار سے زائد درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو سکیم کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو سفری سہولیات فراہم کرنا، بالخصوص طالبات کے لیے تعلیم تک رسائی آسان بنانا، حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق سی ایم ای بائیکس سکیم کے تحت قرعہ اندازی کے ذریعے ایک لاکھ خوش نصیب نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ کامیاب مستحق امیدواروں کو صرف 3 ہزار روپے ماہانہ کی آسان اقساط ادا کرنا ہوں گی، جبکہ بائیکس پر عائد سود حکومت پنجاب خود برداشت کرے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سکیم میں کامیاب ہونے والی طالبات کو مفت ڈرائیونگ سکھانے کا بھی انتظام کیا جائے گا، تاکہ وہ محفوظ اور آسان طریقے سے تعلیمی اداروں تک آمدورفت کر سکیں۔

مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پنجاب کے نوجوانوں، بالخصوص طالبات کو آگے بڑھنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق ای بائیکس کی فراہمی سے طالبات کو سفری سہولت میسر آئے گی اور ماہانہ آمدورفت کے اخراجات میں بھی کمی ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے کا ہر بیٹا اور بیٹی ان کے لیے اہم ہے اور حکومت نوجوانوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

مزید خبریں

Back to top button