گلگت بلتستان میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ، خلاف ورزی پر این او سی منسوخ ہوگا

گلگت (جانوڈاٹ پی کے) گلگت بلتستان میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ حفاظتی ضوابط اور شرائط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے متعلقہ اجازت نامے (این او سی) منسوخ کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان ڈاکٹر اکبر ناصر خان کی زیر صدارت اجلاس میں غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں نان سی پیک منصوبوں، کاروباری سرگرمیوں اور کان کنی کے مقامات پر سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اس کے علاوہ غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی آڈٹ اور خطرات کا جائزہ (تھریٹ اسیسمنٹ) لازمی طور پر مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔
آئی جی پولیس نے چیک پوسٹوں پر نگرانی مزید سخت کرنے اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے ضوابط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں غیر ملکی شہریوں کی نقل و حرکت سے متعلق پیشگی اطلاع دینا بھی لازمی قرار دیا گیا۔
حکام کو ہدایت کی گئی کہ سکیورٹی سے متعلق تمام قانونی تقاضوں اور طے شدہ شرائط پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ این او سی منسوخ کرنے سمیت ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
آئی جی گلگت بلتستان ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے واضح کیا کہ غیر ملکی شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔



