ٹرمپ کا روس یوکرین کے مابین توانائی جنگ بندی کا اعلان

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے دوران توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے روکنے کے لیے فوری جنگ بندی کا اعلان کیا ہے، تاہم روس کی جانب سے تاحال اس پر عمل درآمد کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مجوزہ جنگ بندی کے تحت روس اور یوکرین ایک دوسرے کے بجلی گھروں، بجلی کی ترسیل کے نظام اور توانائی کے دیگر اہم بنیادی ڈھانچے کو فضائی یا میزائل حملوں کا نشانہ نہیں بنائیں گے۔

رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جنگ بندی فوری طور پر مؤثر ہو گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد توانائی کے نظام کو حملوں سے محفوظ رکھنا اور جنگ کے دوران شہریوں کو بجلی سمیت دیگر ضروری توانائی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

یوکرین کے صدر ولادومیر زیلینسکی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مثبت پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر روس توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے روک دیتا ہے تو یوکرین بھی اسی اقدام کے لیے تیار ہے۔

ایک میڈیا ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے زیلینسکی نے کہا کہ اگر صدر ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اس معاملے پر مفاہمت کی ہے تو جنگ بندی کے آغاز کی تاریخ واضح کی جائے تاکہ اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری جانب ماسکو کی جانب سے امریکی صدر کے اعلان پر تاحال باضابطہ ردعمل یا جنگ بندی پر عمل درآمد کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔ روسی مؤقف واضح ہونے کے بعد ہی اس اقدام پر پیش رفت کا اندازہ لگایا جا سکے گا۔

مزید خبریں

Back to top button