بل گیٹس کا اے آئی سے سائبر حملوں میں اضافے کا خدشہ

نیویارک (ویب ڈیسک) مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا غیر محفوظ اور غیر منضبط استعمال خطرات میں اضافہ کر رہا ہے، جبکہ آئندہ سال اے آئی کی مدد سے کیے جانے والے سائبر حملوں میں نمایاں اضافے کا خدشہ ہے۔
ایک انٹرویو میں بل گیٹس نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے مکمل طور پر قابو سے باہر ہونے کا بڑا خطرہ ابھی کئی سال دور ہو سکتا ہے، تاہم فوری تشویش یہ ہے کہ جرائم پیشہ عناصر موجودہ اے آئی نظاموں کو حفاظتی اقدامات کے بغیر اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق آئندہ سال مصنوعی ذہانت کے منفی اثرات سب سے زیادہ سائبر سکیورٹی کے شعبے میں نمایاں ہونے کا خدشہ ہے، کیونکہ یہ ٹیکنالوجی سائبر حملوں کی صلاحیت اور ان کے طریقوں کو مزید مؤثر بنا سکتی ہے۔
بل گیٹس کا کہنا تھا کہ اس وقت بنیادی خطرہ خود مصنوعی ذہانت کا بے قابو ہونا نہیں، بلکہ ایسے افراد کی جانب سے اس ٹیکنالوجی کا غلط استعمال ہے جو حفاظتی نظاموں کو نظرانداز کرکے اسے نقصان دہ سرگرمیوں کے لیے بروئے کار لا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اے آئی کے طویل المدتی خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی تیاری ضروری ہے، تاہم فوری طور پر ایسے عناصر کی روک تھام پر توجہ دینا ناگزیر ہے جو اس ٹیکنالوجی کو جرائم اور سائبر حملوں کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
مائیکروسافٹ کے شریک بانی نے زور دیا کہ مصنوعی ذہانت کے حفاظتی اقدامات کو ختم کرنے اور جدید ترین اے آئی ماڈلز تک غیر محفوظ رسائی روکنے کے لیے مؤثر ضوابط، مناسب پابندیوں اور مضبوط سکیورٹی نظاموں کی ضرورت ہے۔



